داعش کے خلاف عراقی افواج کا آپریشن
عراقی شہر فلوجہ کے مشرق میں داعش کے ٹھکانوں پر عراقی افواج کے حملے میں بہت سے دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔
ہمارے نمائںدے کے مطابق عراقی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ فلوجہ کے مضافات میں عراقی افواج کے حملے میں داعش کے پانچ دہشت گرد کمانڈروں سمیت بہت سے دہشت گرد مارے گئے ہیں ۔ ہلاک ہونے والوں میں داعش کا ایک بڑا کمانڈر احمد محمد عبید بھی شامل ہے۔
دوسری طرف عراق کے جنگی طیاروں نے صوبہ صلاح الدین میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کرکے دہشت گردوں کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا ہے۔
عراق کی مرکزی پولیس کے چیف شاکر جودت نے بھی اعلان کیا ہے کہ تکریت کے مشرق میں عجیل آئل فیلڈ پر داعش کا ایک حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔ اس حملے میں داعش کے بائیس دہشت گردوں کے مارے جانے کی خبر ہے۔
ادھر عراق کی سومریہ نیوز ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ عراقی فوج نے عوامی رضاکاروں کے تعاون سے الرمادی کے مغرب میں واقع البغدادی نامی جزیرے میں داعش کے خلاف ایک بڑی کارروائی انجام دی ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ عراقی افواج کا آپریشن شروع ہوتے ہی داعش کے افراد نے جزیرہ البغدادی سے بھاگ کے صوبہ الانبار کے مغربی علاقے القائم میں پناہ لی ہے۔