ایران کی فوج، مشرق وسطی میں سب سے زیادہ تجربہ کار : روس
-
روس کے فوجی و سیاسی امور کے اسٹریٹیجک سینٹر کے سینیئر ریسرچ اسکالر اور ماہر، اناتولی سیگانوک
روس نے کہا ہے کہ ایران کے پاس مشرق وسطی میں سب سے اچھی اور تجربہ کار فوج ہے-
روس کے فوجی و سیاسی امور کے اسٹریٹیجک سینٹر کے سینیئر ریسرچ اسکالر اور ماہر اناتولی سیگانوک نے ایرانی فوج کی جنگی صلاحیتوں کا لوہا مانا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مشرق وسطی میں ایران کے پاس سب سے زیادہ تجربہ کار اور اچھی فوج ہے جسے ایک عظیم جنگ میں کامیابی کا تجربہ حاصل ہے-
فوجی امور کے ماہر اور تجزیہ کار نے پیر کو ارنا کو ایک انٹرویو میں کہا کہ ایرانی افواج، اعلی عسکری صلاحیتوں کی حامل ہیں- انھوں نے کہا کہ ایران کے خلاف آٹھ سال کی جنگ میں ایرانی افواج کے کارناموں سے اس کی تصدیق ہوتی ہے- انھوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج نے ایک بڑی جنگ میں بھرپور صلاحیتوں کے ساتھ ملک کی خودمختاری کی حفاظت کی-
اناتولی سیگانوک نے کہا کہ عراق کی بعثی فوج کو امریکہ سے لے کر سعودی عرب تک سب کی جانب سے ہر طرح کی فوجی و سیاسی مدد حاصل تھی اس کے باوجود ایران نے ان کی اس سازش کو ناکام بنا دیا جس کے تحت یہ جنگ چھیڑی گئی تھی-
اناتولی سیگانوک نے کہا کہ آثھ سال کی جنگ کا تجربہ یہ بتاتا ہے کہ ایرانی افواج میں وسیع پیمانے پر کارروائیاں کرنے اور فیصلے لینے کی بھرپور صلاحیت ہے اوراس کی اصلی وجہ یہ ہے کہ ان افواج نے ایک نابرابر جنگ میں دشمن کی جانب سے ایران کے اسلامی انقلاب کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا -