اسکاٹ لینڈ یارڈ کے ماہرین کی ٹیم افغانستان میں
اسکاٹ لینڈ یارڈ کے ماہرین کی ایک ٹیم افغانستان میں دس جنوری کو ہونے والے حملے کی تفتیش کے لئے افغان شہر قندھار پہنچ گئی ہے۔
افغانستان کے شہرقندھارپولیس کے چیف عبد الرزاق کے مطابق برطانوی پولیس کا وفد اور متحدہ عرب امارات کی تفتیشی ٹیم قندھار میں ہونے والے بم دھماکے کی تحقیقات کے لئے افغانستان پہنچ گئی ہے جواس حملے میں افغان نائب گورنر سمیت سات افغان شہری اور متحدہ عرب امارات کے پانچ سفارت کاروں کی ہلاکت کی تحقیقات کرے گی۔
طالبان نے بم دھماکے میں کسی بھی طرح ملوث ہونے سے انکار کرتے ہوئے حملے کا الزام مقامی سطح پر جاری اندرونی مخاصمت پرعائد کیا تھا۔
اب تک افغان حکومت اورمتحدہ عرب امارات کی تین ٹیمیں تحقیقات کے لیے قندھارجاچکی ہیں۔ برطانوی پولیس متحدہ عرب امارات کی درخواست پر بلائی گئی ہے تاکہ حملے کا مختلف پہلووؤں سے جائزہ لیا جا سکے۔
واضح رہے کہ دس جنوری کو گورنر قندھار کے گیسٹ ہاؤس میں ہونیوالے خودکش حملے میں متحدہ عرب امارات کے پانچ سفارتکاروں سمیت 12 افراد مارے گئے تھے۔
اس دھماکے کے بعد افغان عوام نے پاکستان کے خلاف زبردست احتجای مظاہرے کئے اور افغانستان میں پاکستانی مداخلت بند کرنے کا مطالبہ کیا۔