پاکستان: ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کی وزارت خارجہ میں طلبی
https://urdu.sahartv.ir/news/pakistan-i198326-پاکستان_ہندوستان_کے_ڈپٹی_ہائی_کمشنر_کی_وزارت_خارجہ_میں_طلبی
پاکستانی حکومت نے جمعے کے دن ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو وزارت خارجہ میں طلب کیا۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Sep ۱۸, ۲۰۱۵ ۱۶:۴۷ Asia/Tehran
  • پاکستان: ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کی وزارت خارجہ میں طلبی

پاکستانی حکومت نے جمعے کے دن ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو وزارت خارجہ میں طلب کیا۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی وزارت خارجہ نے جمعے کے دن ایک بیان جاری کیا۔ جس میں آیا ہے کہ اس وزارت کے جنوبی ایشیا کے امور کے ڈائریکٹر محمد فیصل نے ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو وزارت خارجہ میں طلب کر کے ہندوستانی حکومت سے کہا کہ وہ سرحدی علاقوں میں جنگ بندی کی خلاف ورزی اور بلا اشتعال فائرنگ کی روک تھام کرے۔

محمد فیصل نے ہندوستانی فوجیوں کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کئے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ پاکستانی حکومت کو اپنے ملک کے شہریوں پر ہندوستانی فوجیوں کے حملوں پر شدید تشویش ہے۔

پاکستان کے اس سفارت کار نے مزید کہا کہ ہندوستانی حکومت کو لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کے معاہدے کی پابندی کرنی چاہئے۔ دریں اثنا پاکستانی فوج نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فوجیوں کی فائرنگ میں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں چار پاکستانی شہری جاں بحق ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستانی وزارت خارجہ نے بدھ کے دن بھی ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو وزارت خارجہ میں طلب کر کے لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فوجیوں کی فائرنگ اور ایک پاکستانی فوجی کے جاں بحق ہونے پر احتجاج کیا تھا۔ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان سنہ دو ہزار تین میں جنگ بندی کا ایک معاہدہ ہوا تھا لیکن اس کے باوجود دونوں ملکوں کی سرحدوں خصوصا لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہتا ہے۔