پاکستان: چارسدہ یونیورسٹی پر دہشت گردوں کا حملہ، متعدد جاں بحق اور زخمی
https://urdu.sahartv.ir/news/pakistan-i207459-پاکستان_چارسدہ_یونیورسٹی_پر_دہشت_گردوں_کا_حملہ_متعدد_جاں_بحق_اور_زخمی
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں چارسدہ یونیورسٹی میں دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہو گئے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jan ۲۰, ۲۰۱۶ ۰۵:۳۶ Asia/Tehran
  • پاک فوج کے اہلکاروں نے بھی دہشتگردوں کے حملے کے بعد علاقے کا گھیراؤ کر لیا اور یونیورسٹی پہنچ گئے
    پاک فوج کے اہلکاروں نے بھی دہشتگردوں کے حملے کے بعد علاقے کا گھیراؤ کر لیا اور یونیورسٹی پہنچ گئے

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں چارسدہ یونیورسٹی میں دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہو گئے۔

اطلاعات کے مطابق دہشتگردوں کی جانب سے آج صبح باچا خان یونیورسٹی میں اچانک فائرنگ کا سلسلہ شروع کیا گیا جس کی زد میں آکر متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہو گئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں طلبہ میں بھگدڑ مچ گئی اور وہ جان بچانے کے لئے بھاگ کھڑے ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد طلبہ اور اساتذہ یونیورسٹی کی عمارت میں محصورہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سکیورٹی اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور یونیورسٹی کو گھیرے میں لے لیا ، دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کی تعداد 4 سے 7 ہوسکتی ہے ۔

پاک فوج کے اہلکاروں نے بھی دہشتگردوں کے حملے کے بعد علاقے کا گھیراؤ کر لیا اور یونیورسٹی پہنچ گئے، تازہ ترین اطلاعات کے مطابق آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے جبکہ کم از کم اٹھارہ افراد کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا اندیشہ ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس حملے میں پچاس سے ساٹھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کے وقت یونیورسٹی میں باچا خان کی برسی کے حوالے سے مشاعرہ جاری تھا کہ اسی دوران دہشتگردوں کی جانب سے حملہ کر دیا گیا، اس وقت سیکورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔