پاکستان میں دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق
پاکستان میں سپاہ صحابہ کے دو اراکین سمیت بارہ دہشت گردوں کو پھانسی کی سزا دی جائے گی۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے اس ملک کی فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے بارہ دہشت گردوں کی سزا کی توثیق کر دی ہے اور اس پر عنقریب ہی عمل ہو گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان بارہ افراد میں سپاہ صحابہ کے دو دہشت گرد رفیع اللہ اور آصف محمود بھی شامل ہیں، جو بنوں جیل اور سیکورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث رہے ہیں۔
اسی طرح پاکستانی طالبان اور القاعدہ دہشت گرد گروہ کے بھی بعض افراد ان میں شامل ہیں کہ جن کی پھانسی کی سزا کی، پاکستان کے چیف آرمی اسٹاف نے توثیق کی ہے۔
تقریبا تین مہینہ قبل بھی پشاور اسکول اور کوہاٹ جیل پر حملے کے چار ملزمین کو پھانسی کی سزا دی گئی تھی۔
واضح رہے کہ دسمبر دو ہزار چودہ میں پشاور میں ایک فوجی اسکول پر طالبان کے دہشت گردانہ حملے کے بعد حکومت پاکستان نے اس ملک میں پھانسی کی سزا پرعائد پابندی ختم کر دی تھی اور اس وقت سے اب تک تقریبا ساڑھے تین سو افراد کو مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں پھانسی کی سزا دی جا چکی ہے۔