پاکستان میں دو خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک کئے جانے کا دعوی
پاکستان کے سیکورٹی اہلکاروں نے دو خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کے سیکورٹی اہلکاروں نے کہا ہے کہ کراچی کے علاقے قائد آباد میں محکمہ انسداد دہشت گردی کے اہلکاروں کے ساتھ مقابلے میں القاعدہ برصغیر کے دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ خفیہ ادارے کی رپورٹ پر کراچی کے اس علاقے میں کارروائی کی گئی جہاں دہشتگرد تھے جس کے دوران دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی۔ دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ پر علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی، جس کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں دونوں دہشت گرد زخمی ہو گئے جو اسپتال منتقل کئے جانے کے دوران راستے میں دم توڑ گئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ایک دہشت گرد پر پچاس لاکھ جبکہ دوسرے دہشت گرد پر پانچ لاکھ پاکستانی روپے کے انعام کا اعلان تھا۔ دونوں دہشت گردوں کا تعلق القاعدہ برصغیر سے تھا۔ دہشت گردوں کے قبضے سے دستی بم اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔