پاکستان و افغانستان کے طالبان گروہوں کے درمیان جھڑپیں
افغانستان کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ صوبے کنڑ میں سرکانو کے علاقے کلاپری میں افغانستان و پاکستان کے طالبان گروہوں کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق افغان وزارت دفاع نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ افغانستان و پاکستان کے طالبان گروہوں کے درمیان ہونے والی ان جھڑپوں میں دونوں طرف کے دس سے زائدافراد ہلاک ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق جمعرات کے روز ہونے والی ان جھڑپوں میں پاکستانی طالبان کے آٹھ افراد ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا جبکہ جمعے کے روز ہونے والی ان جھڑپوں میں افغان طالبان کے بھی کم از کم چھے افراد ہلاک اور چار دیگر زخمی ہوئے۔
یہ پہلی بار ہے کہ افغانستان و پاکستان کے طالبان گروہوں کے درمیان اس قسم کی جھڑپیں ہوئی ہیں۔
دونوں ملکوں کے طالبان گروہوں کے درمیان ملا عمر کے زمانے میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی تھی اور ہم آہنگی کا یہ سلسلہ ملا عمر کے جانشین ملا اختر منصور کے زمانے میں بھی جاری تھا۔
واضح رہے کہ طالبان کے نئے لیڈر ہیبت اللہ اخوند زادہ نے پاکستان کے طالبان اور افغانستان کے طالبان کمانڈروں کے درمیان ہم آہنگی کے لئے سخت راستے کا انتخاب کیا ہے۔