کشمیریوں کی اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے: پاکستانی وزیراعظم
پاکستان کے وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کا ملک حق خود ارادیت کے حصول میں کشمیری عوام کی سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
لاھور میں کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے، ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے عوام کی تحریک کو تحریک آزادی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج بقول ان کے تشدد سے کام لے کر کشمیری عوام کو آزادی کی جدوجہد سے باز نہیں رکھ سکتی۔ نواز شریف نے کہا کہ سات ہزار ہندوستانی فوجیوں کی تعیناتی سے کشمیری عوام کی تحریک آزادی کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی کابنیہ نے وزیراعظم کی تجویز پرآئندہ منگل کو ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم سیاہ منانے کا بھی اعلان کیا ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں ہونے والی حالیہ خونریز جھڑپوں کے دوران تقریبا چالیس افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
پاکستان اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کا مطالبہ کر رہا ہے جبکہ ہندوستان اس کا مخالف ہے۔
حکومت ہندوستان کا موقف ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے شملہ معاہدے کے تحت باہمی تنازعات کو تیسرے فریق کی ثالثی کے بغیر حل کیا جانا چاہیے۔