پاکستان میں آج یوم سیاہ
آج پورے پاکستان میں کشمیر کے موجودہ حالات پر احتجاج کی غرض سے یوم سیاہ منایا جا رہا ہے
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے حکومت پاکستان نے تمام وزارتخانوں ، ڈویژنوں اور صوبائی حکومتوں کو آج بیس جولائی کو یوم سیاہ منانے کی ہدایت دی ہے -
اس سلسلے میں جاری کئے گئے سرکلر میں تمام متعلقہ محکموں کو پندرہ جولائی کو ہونے والے وزیراعظم کے فیصلے پرعمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے - حکومت پاکستان کی جانب سے یوم سیاہ منانے کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکرنا اوراس مسئلے کو عالمی سطح پر اٹھانا ہے -
سرکلر کے مطابق تمام محکموں کے حکام آج اپنے بازؤوں پر کالی پٹیاں باندھ کر کشمیر کے عوام کی سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعلان کریں گے - پاکستان میں کشمیر کے حالات پر احتجاج کے لئے پہلے انیس جولائی کو ہی یوم سیاہ منایا جانے والا تھا لیکن اس تاریخ کو پاکستان ، کشمیر ایکشن ڈے کے طور پر مناتا ہے اس لئے یوم سیاہ کو ایک دن کے لئے موخر کردیا گیا تھا -
ہندوستان نے پاکستان کے اس اقدام پر شدید اعتراض کیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان کو ہندوستان کے اندرونی معاملے میں بولنے کا حق نہیں ہے تاہم پاکستان مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سطح پراٹھاتا ہے-