مشرق وسطی کی صورتحال مغرب کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے: رضا ربانی
https://urdu.sahartv.ir/news/pakistan-i238996-مشرق_وسطی_کی_صورتحال_مغرب_کی_غلط_پالیسیوں_کا_نتیجہ_ہے_رضا_ربانی
پاکستانی سینیٹ کے چیئرمین رضا ربانی نے امریکہ اور مغربی ملکوں کے دوہرے معیاروں پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jul ۲۶, ۲۰۱۶ ۱۵:۲۹ Asia/Tehran
  • مشرق وسطی کی صورتحال مغرب کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے: رضا ربانی

پاکستانی سینیٹ کے چیئرمین رضا ربانی نے امریکہ اور مغربی ملکوں کے دوہرے معیاروں پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔

اسلام آباد میں ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی پائیدار اقتصادی ترقی سے متعلق مستقبل کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سینیٹ کے چیئرمین رضا ربانی نے کہا کہ حکومتوں کو تبدیل کرنے کی مغربی پالیسیوں کے نتیجے میں آج مشرق وسطی کو بدامنی اور حرج و مرج کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

رضا ربانی نے کہا کہ ایک پاکستانی کی حیثیت سے انہوں نے مغرب کے دوہرے معیاروں کا بخوبی مشاہدہ کیا ہے اور یہ وہ زمانہ تھا جب مغربی ممالک سیاسی اور اقتصادی لحاظ سے پاکستان میں ڈکٹیٹرحکومتوں کی حمایت اور سیاسی کارکنوں کی غیر قانونی گرفتاریوں پر چپ سادھے ہوتے تھے۔انہوں نے مغرب کے اس دعوے کو بھی سختی کے ساتھ مسترد کردیا کہ ثقافتی ، مذہبی اور سماجی تنوع کی وجہ سے ایشیا میں اتحاد کا قیام ممکن نہیں ہے۔

رضا ربانی نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اسی تنوع میں ایشیا کی طاقت کا راز پنہاں ہے اوراس تنوع میں وحدت بھی پائی جاتی ہے۔ پاکستانی سینیٹ کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ایشیا کا مستقبل ایشیا کے عوام کے ہاتھ میں ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سینیٹ کی دفاعی کمیٹی کے سربراہ مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ طاقت کا توازن مغرب سے ایشیا کی جانب منتقل ہو رہا ہے اور مستقبل ایشیا کا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آن پہنچا ہے کہ ایشیا کے فیصلے امریکہ اورمغربی ملکوں کے بجائے خود ایشیا میں کیے جائیں۔