" باب پاکستان" کھول دیا گیا
پاک افغان سرحد پر " باب پاکستان" سے موسوم گیٹ کا افتتاح ہوگیا ہے۔
پاکستان نے تورخم کی سرحد پر " باب پاکستان" گیٹ کا باضابطہ طور پر افتتاح کردیا ہے۔ تورخم بارڈر پاکستان اور افغانستان کے درمیان آمد و رفت کا ایک اہم ذریعہ شمار ہوتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس بارڈر سے روزانہ پندرہ سے بیس ہزار افراد اور سیکڑوں مال بردار ٹرک آتے جاتے ہیں۔ تورخم بارڈر پرآمد و رفت کو کنٹرول کرنے کے مقصد سے پاکستان نے سنہ دو ہزار چودہ میں باضابطہ طور پر سرحدی تنصیبات کی تعمیر کا کام شروع کیا تھا جس پر افغانستان کے احتجاج کی بنا پر یہاں تعمیراتی کام تاخیر کے ساتھ انجام پایا۔
افغان مہاجرین کے جبری انخلا سے متعلق پاکستانی حکام کی جانب سے سخت موقف اختیار کئے جانے کے بعد پاکستان میں قانونی اورغیر قانونی طور پرمقیم افغان مہاجرین میں تشویش پیدا ہوگئی ہے۔
پاکستان میں اس وقت تیس لاکھ افغان مہاجرین مقیم ہیں۔ پاکستان میں وضع کئے گئے نئے سرحدی قوانین کے تحت صرف قانونی دستاویزات کے حامل افغان مہاجرین آمد و رفت کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان دو ہزار چھ سو کلو میٹر طویل سرحد ہے۔ جس کے بعض مقامات پر کسی طور پر نگرانی نہیں کی جاسکتی۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ ایسے علاقے ہیں جو اسلام آباد اور کابل کی پہنچ سے دور ہیں۔