دہشت گردی کرنے والوں کو ختم کرنے پر تاکید
پاکستان کےوزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ میرے ایمان کا حصہ ہے کیونکہ فتنہ فساد کرنے والوں کو ختم کرنا ثواب کا کام ہے
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں 40ویں ایکسپورٹ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کے دوران پاکستان کےوزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ جو حادثے ہوئے وہ چھوٹے نہیں تھے، ماضی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک بحرانوں کا شکار ہوا، ماضی کی غلطیوں کو آج تک ٹھیک کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔
دہشت گردی کے خاتمے سے متعلق نواز شریف نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی بہت بڑا مسئلہ تھا، لوڈشیڈنگ کے ساتھ دہشت گردی کی لعنت بھی ملک پر مسلط کی گئی، ہم نے پہلے مرحلے میں مذاکرات کی کوشش کی، مذاکرات ناکام ہوئے تو آپریشن کا فیصلہ کیا۔ دہشت گردی کا خاتمہ ان کے ایمان کا حصہ ہے کیونکہ فتنہ فساد کرنے والوں کو ختم کرنا ثواب کا کام ہے۔ کچھ وارداتیں دہشت گرد کررہے ہیں بہت جلد وہ بھی ختم ہوجائیں گی۔