دنیا دہشت گردی کی خطرناک برائی سے نبرد آزما
پاکستان کے صدر نے کہا ہے کہ دہشتگردی کی لعنت کا مقابلہ کرنے کے لئے سب کو اکھٹا ہونا پڑے گا۔
مسلم ممالک کے سفیروں کے اعزاز میں منعقدہ افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ جنگوں، مذہبی، نسلی و لسانی تعصبات اور برتری کے گھمنڈ کی وجہ سے دنیا غیر معمولی تبدیلیوں کی زد میں ہے اور ان پیچیدہ مسائل نے مختلف معاشروں اور اقوام کے درمیان تقسیم کو مزید گہرا کر دیا ہے۔
پاکستان کے صدر کا کہنا تھا کہ دنیا کے مختلف خطے دہشت گردی جیسی خطرناک برائی سے نبرد آزما ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ مختلف معاشرے اور اقوام جنگوں کا شکار بھی رہیں اور پڑوسی ممالک ترقی اور خوشحالی کے ثمرات بھی حاصل کریں۔
ممنون حسین نے کہا کہ شدت پسندی اور جدید معاشرے کے پیچیدہ مسائل سے نمٹنے کے لیے دین کی آفاقی تعلیمات اور انسانیت کی مشترکہ قدر کی حیثیت سے روزے کی روحانی قوت ہمیں طاقت فراہم کرسکتی ہے۔
پاکستان کے صدرممنون حسین نے کہا کہ ہندوستان مسئلہ کشمیر سمیت تمام متنازع مسائل کے حل کے لیے مذاکرات پرآمادہ ہو جائے۔
اس موقع پر چئیرمین سینیٹ میاں رضا ربانی، وفاقی وزرا، اراکین پارلیمنٹ اور سفیروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔