حالیہ دہشت گردی کے بارے میں پاکستان کا دعوی
https://urdu.sahartv.ir/news/pakistan-i287900-حالیہ_دہشت_گردی_کے_بارے_میں_پاکستان_کا_دعوی
پاکستان کے وزیر داخلہ نے اپنے ملک میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کا الزام بالواسطہ طور سے افغانستان پر عائد کیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jun ۲۴, ۲۰۱۷ ۱۳:۰۹ Asia/Tehran
  • حالیہ دہشت گردی کے بارے میں پاکستان  کا دعوی

پاکستان کے وزیر داخلہ نے اپنے ملک میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کا الزام بالواسطہ طور سے افغانستان پر عائد کیا ہے۔

 میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان کے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے جمعے کے روز ہونے والے دہشت گردانہ حملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب بھی پاک افغان سرحد کھلتی ہے، پاکستان میں دہشت گردی تیز ہو جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنی سرحدوں کی مؤثر نگرانی اور حفاظت کے عمل کو مزید بہتر کریں تاکہ دہشت گردی کا راستہ روکا جا سکے۔
چودھری نثار کا کہنا تھا کہ اس بات کا تجزیہ کیا جانا چاہیئے کہ پاراچنار میں دہشت گردانہ کارروائی سے متعلق دو الرٹ متعلقہ صوبائی حکومت کو بھجوائے گئے تاہم ان اطلاعات کے باوجود حفاظتی اقدامات کیوں نہیں کئے گئے۔
میڈیا رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے پاک فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹننٹ جنرل بلال اکبر اور دیگر سیکورٹی حکام سے ٹیلیفونی رابطہ کر کے کوئٹہ، پاراچنار اور کراچی میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات سے متعلق سامنے آنے والے شواہد کی تفصیلات حاصل کی ہیں۔
اس سے قبل پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ حالیہ دہشت گردانہ حملوں کا تعلق پاک افغان سرحد پار موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے ہے۔
گزشتہ روز پاراچنار، کوئٹہ اور کراچی میں ہونے والے دہشت گردی کے مختلف واقعات میں ستر کے قریب افراد جاں بحق اور ڈیڑھ سو سے زائد زخمی ہوئے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان، ایک دوسرے پر دہشت گردوں کی حمایت کا الزام عائد کرتے ہیں۔