پاکستان کا امریکہ سے ڈو مور کا مطالبہ
https://urdu.sahartv.ir/news/pakistan-i296601-پاکستان_کا_امریکہ_سے_ڈو_مور_کا_مطالبہ
پاکستان کےآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں لہذا اب ہمارے نہیں دنیا کے ڈو مور کا وقت ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Sep ۰۷, ۲۰۱۷ ۰۵:۱۹ Asia/Tehran
  • پاکستان کا امریکہ سے ڈو مور کا مطالبہ

پاکستان کےآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں لہذا اب ہمارے نہیں دنیا کے ڈو مور کا وقت ہے۔

جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں یوم دفاع کی مرکزی تقریب سے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اتنی قربانیوں کے باوجود بھی ہم سے ڈو مور کا مطالبہ کیا جا رہا ہے لیکن اب ہمارے نہیں دنیا کے ڈو مور کا وقت ہے، اب دشمن کی پسپائی اور ہماری ترقی و کامیابی کا وقت ہے۔

امریکا اور عالمی طاقتوں کے حوالے سے پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ عالمی طاقتیں ہمارے ہاتھ مضبوط نہیں کرسکتیں تواپنی ناکامیوں کا ذمہ دار بھی ہمیں نہ ٹھہرائیں۔ انہوں نے کہا کہ جو جنگ ہم پر مسلط کی گئی اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے، ہمارا دشمن جان لے کہ ہم کٹ مریں گے لیکن وطن عزیز کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے۔

امریکا کو مخاطب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہمیں امداد نہیں بلکہ عزت اور اعتماد چاہیے، ہمارے سکیورٹی تحفظات کو بھی مد نظر رکھنا ہوگا، آنے والی نسلوں کا ہم پرقرض ہے کہ انہیں دہشت گردی سے پاک پاکستان دیں، ادارے مضبوط ہوں گے تو پاکستان مضبوط ہوگا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، دشمن کوئی بھی حربہ آزمالیں ہم ہمیشہ متحد رہیں گے، دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف زمینی نہیں بلکہ نظریاتی اور ذہنی بھی ہے، دہشتگردی اور انتہاپسندی پر قابو پانے کے لیے میڈیا کا مثبت کردار بھی انتہائی اہم ہے، دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں کامیابی کے لیے قوم کا جذبہ، تعاون اور آگاہی ضروری ہے اور قوم کا تعاون اور مدد رہی تو عنقریب دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔