سفارت کار کی میت پاکستان کے حوالے
افغانستان کے شہر جلال آباد میں قتل کئے جانے والے پاکستانی سفارتکار کی میت افغان حکام نے پاکستان کے حوالے کردی ہے۔
پاکستانی سفارتکار نیر اقبال رانا کو پیر کے دن نامعلوم مسلح افراد نے جلال آباد میں گولی مارکر ہلاک کردیا - جس پرحکومت پاکستان نے شدید احتجاج کیا ہے -
افغانستان میں پاکستانی سفیر زاہد نصراللہ خان نے بتایا کہ پیر کو دو موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے میں تعینات سفارتکار نیر اقبال رانا کو اس گولی ماردی جب وہ ایک دوکان میں خریداری کررہے تھے۔
مقتول پاکستانی سفارتکار کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد طورخم بارڈر پر پاکستانی حکام کے حوالے کردی گئی اور پھر آخری رسومات کے لئے ان کے وطن سیالکوٹ روانہ کردی گئی ہے۔
افغانستان کے صوبہ ننگرہار کے گورنر ہاوس کے ترجمان عطاء اللہ خوگیانی نے بتایا کہ نیر اقبال جلال آباد میں پاکستانی قونصلر جنرل کے اسسٹنٹ تھے۔
پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے قتل کے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے افغان حکومت سے کہا ہے کہ وہ سفارتکاروں کی سیکورٹی کو مزید یقینی بنائے۔
ان کا کہنا تھاکہ اسلام آباد میں متعین افغان ناظم الامور کو دفترخارجہ میں طلب کرکے واقعے پر افغان حکومت سے احتجاج کیا گیا۔