پاکستانی پارلیمانی وفد کا دورہ افغانستان
پاکستان اور افغانستان کے ارکان پارلیمنٹ نے سلامتی کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
افغان ذرائع کے مطابق افغانستان کا دورہ کرنے والے پاکستان کے پارلیمانی وفد نے افغانستان کے اسپیکر عبدالرؤف ابراہیمی سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات اور افغانستان میں استحکام کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔
افغانستان کے طلوع نیوز چینل کی ویب سائٹ پر جاری رپورٹ کے مطابق پاکستانی وفد نے اسلام آباد اور کابل کے درمیان مضبوط تعلقات کی ضرورت پر زور دیا۔
رپورٹ کے مطابق افغان اسپیکر نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں پاکستان کی جانب سے مخلص تعاون کی کمی کے باعث افغانستان خطے میں دہشت گردی کا شکار رہا تاہم پاکستانی وفد نے اس الزام کو سختی کے ساتھ مسترد کر دیا۔
پاکستان کا پارلیمانی وفد ایسے وقت میں افغانستان کا دورہ کر رہا ہے جب اسلام آباد دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بارے میں افغانستان، پاکستان، ایران، چین اور روس کے قانون سازوں کے اجلاس کی میزبانی کرنے والا ہے۔
پاکستان کے پارلیمانی وفد نے افغانستان کے اسپیکر کو مذکورہ اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی ہے۔