May ۰۴, ۲۰۱۸ ۱۵:۵۷ Asia/Tehran
  • خاران بلوچستان میں چھے مزدوروں کا قتل

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے خاران میں دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے کم سے کم چھے مزدوروں کو ہلاک کردیا ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق بلوچستان مسلسل دہشت گردوں کے نشانے پر ہے اور خاران کے علاقے لجے میں مسلح دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے چھے مزدوروں کو ہلاک کردیا۔
لیویز کے مطابق جاں بحق ہونے والے مزدوروں کا تعلق پنجاب سے ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مزدور نجی موبائل کمپنی کے ٹاور پر کام کر رہے تھے۔ ہلاک ہونے والوں کی لاشیں ضلع ہیڈکوارٹر اسپتال خاران منتقل کردی گئی ہیں۔
کچھ عرصے سے قبل تربت کے علاقے گوگ دان میں بھی شرپسند عناصر نے فائرنگ کرکے بیس مزدوروں کو قتل کردیا تھا۔ تربت میں مزدوروں کے کیمپ کو رات کے وقت نشانہ بنایا گیا تھا اور ان مزدوروں کا بھی تعلق صوبہ پنجاب سے تھا۔
خاران میں فائرنگ اور دہشت گردی کا یہ واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا ہے جب کوئٹہ میں پچھلے دوہفتے کے دوران ہزارشیعہ مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں اور ان واقعات کی روک تھام کے لئے آرمی چیف جنرل باجوہ نے کوئٹہ کا دورہ بھی کیا ہے۔