Jul ۱۵, ۲۰۲۵ ۲۰:۵۴ Asia/Tehran
  • ایران کی ایٹمی تنصیبات پر امریکی فوجی جارحیت، سفارتکاری سے غداری تھی: وزیر خارجہ عراقچی

وزیر خارجہ عراقچی نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سعیدوف سے ملاقات اور گفتگو کی۔

سحرنیوز/ایران: سید عباس عراقچی نے اس موقع پر ایران کی ارضی سالمیت پر صیہونی حکومت اور امریکہ کے حملوں کے مقابلے میں ازبکستان کے موقف اور تہران کی حامیت کی قدردانی کی اور کہا کہ صیہونی حکومت اور امریکہ نے ایران کی ایٹمی مراکز پر جو پرامن مقاصد کے لیے تیار کیے گئے تھے حملہ کرکے سفارتکاری، قانون کی بالادستی، بین الاقوامی قوانین بالخصوص ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے ساتھ کھلی غداری کی۔

انہوں نے کہا کہ جبکہ ناوابستہ تحریک، اسلامی تعاون تنظیم، عرب لیگ، برکس اور شنگھائی تنظیموں نے اس ناجائز حملے کی مذمت کی لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ اس جارحانہ اقدام پر سلامتی کونسل اور آئی اے ای اے بھی خاموش تماشائی بنے بیٹھے رہے۔

اس موقع پر ازبکستان کے وزیر خارجہ نے ایران کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی پر صیہونی حکومت کے حملے کی مذمت کی ازبکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے ایران کے شہیدوں اور متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کا اعلان کیا۔

بختیار سعیدوف نے زور دیکر کہا کہ ایسے جارحانہ اقدامات کا نتیجہ علاقے کے بہت سے دیگر ممالک کے لیے بھی خطرناک ثابت اور خطے میں بدامنی اور کشیدگی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے ذہانت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشیدگی کو بڑھنے نہیں دیا ہے۔

 

ٹیگس