پاکستان میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات
پاکستانی الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی 272 میں سے 270 جب کہ چاروں صوبوں کی مجموعی طور پر 577 میں سے 570 نشستوں پر کل رائے شماری ہوگی۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لیے 3675 امیدوار میدان میں ہیں۔ قومی کی 2 اور صوبائی اسمبلیوں کی 6 نشستوں پر مختلف وجوہات کی بناء پر انتخابات ملتوی کئے گئے ہیں ۔
انتخابی عمل میں تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سمیت کل 122 سیاسی و مذہبی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں۔
ملک بھر میں 85 ہزار 252 پولنگ اسٹیشنز جبکہ 2 لاکھ 41 ہزار 132 پولنگ بوتھ قائم کئے گے ہیں۔ جس میں سے 17 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 افراد حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 92 لاکھ 24 ہزار 263 اور خواتین ووٹرزکی تعداد 4 کروڑ 67 لاکھ 31 ہزار 146ہے۔
پولنگ اسٹیشن پرتعینات فوج کے اہلکار بھی پریزائڈنگ آفیسرزکے ہمراہ ہیں جب کہ فوج کی نگرانی میں انتخابی سامان متعلقہ پولنگ اسٹیشن پر پہنچائیں جائیں گے. شہری علاقوں میں سامان کی ترسیل کا کام آج شام سے پہلے مکمل کرلیا جائے گا جبکہ دور دراز علاقوں میں انتخابی سامان کی ترسیل رات تک جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان کے عوام کل 25 جولائی کو اپنے پارلیمانی نمائندوں کے انتخاب کیلئے ووٹ ڈالیں گے۔ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہے گا۔ ہونے والے سروے نتائج کے مطابق ہر چند کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو بھاری اکثریت حاصل نہیں ہو گی تاہم پاکستان تحریک انصاف کو دوسری جماعتوں پر برتری حاصل ہے۔