فیصل رضا عابدی کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
پاکستان میں سابق سینیٹر،اسکالر،مذہبی و سیاسی رہنما اور شعلہ بیان مقرر سینیٹر سید فیصل رضا عابدی کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
وائس آف شہداء کے چیئرمین اور سابق سینیٹر سید فیصل رضا عابدی کی گرفتاری کے خلاف پاکستان میں احتجاج کا سلسلہ بدستور جاری ہے اوراسی سلسلے میں کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اس موقع پر مجلس علمائے شیعہ پاکستان کے سربراہ علامہ مرزا یوسف حسین، آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے رہنما سہیل مرزا اور صغیرعابد نے خطاب کیا۔
احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے فیصل رضا عابدی کی گرفتاری کی مذمت اور رہائی کے مطالبات پر مبنی بینرز اور پلےکارڈز اٹھا رکھے تھے۔ مقررین اور احتجاجی مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فیصل رضا عابدی کو فی الفور رہا کیا جائے، ورنہ انصاف کا شور مچانے والی حکومت کو اس کا بھاری خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
رہنماوں کا آخر میں کہنا تھا کہ فیصل رضا عابدی ایک محب وطن اور شہید پرور شخصیت ہیں، ان پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمے کا اندراج قابل مذمت ہے۔
ادھر کرم ایجنسی کی مذہبی تنظیموں نے فیصل رضا عابدی کی گرفتاری، یمن پر سعودی عرب کی بمباری، کوئٹہ اور تفتان میں پھنسے ہزاروں زائرین کی حالت زار نیز لاپتہ افراد کی بازیابی کے سلسلے میں ایک پر ہجوم پریس کانفرنس کی اس موقع پر انہوں نے کہا کہ فیصل رضا عابدی کی بلا جواز گرفتاری کو پاراچنار سمیت پاکستان بھر کی ملت تشیع کسی صورت میں برداشت نہیں کرسکتی۔ ذمہ دار قوتیں واضح کریں کہ فیصل رضا نے وہ کونسا جرم کیا ہے، جس کی بنا پر انہیں پابند سلاسل کیا گیا ہے۔