نیب کے قانون میں ترمیم مسترد ہونے پر اپوزیشن کا واک آؤٹ
پاکستان میں قومی احتساب بیورو نیب کے قانون میں ترمیم مسترد ہونے کے خلاف اپوزیشن نے کمیٹی سے واک آؤٹ کر دیا۔
اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق کمیٹی سے واک آؤٹ کرنے کے بعد پاکستان مسلم لیگ کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا ۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ اپوزیشن نے حکومت کے کہنے پر نیب قانون میں ترامیم کے لئے حکومت کو تجاویز پیش کی تھیں جنہیں مسترد کر دیا گیا اس لئے انہوں نے کمیٹی سے واک آؤٹ کر دیا۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ انہوں نے نیب بل کے ہر سیکشن میں ترمیم کی تجویز پیش کی تھی تاکہ اس طرح ایک نیا نیب آرڈینینس تیار ہو سکے ۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے بھی اس مشترکہ پریس کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا کہ ان کا موقف بھی وہی ہے جو شاہد خاقان عباسی نے بیان کیا ہے۔ انہوں نے اسی کے ساتھ کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پارلیمان کو فعال بنانے کی کوشش کی ہے۔
اس سے پہلے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایوان میں اعلان کیا تھا کہ اپوزیشن جو ترامیم چاہتی ہے انہیں منظور کرنا ان کی حکومت کے لئے ممکن نہیں ہے۔