مرنے والوں کی تعداد اٹھارہ ہزار سے تجاوز کرگئی
کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران پاکستان بھر میں مریضوں اور اموات میں تیزی سے اضافہ جاری ہے اور مرنے والوں کی تعداد اٹھارہ ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
پاکستان کے نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹوں میں مزید ایک سو تیرہ افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد کورونا سے مرنے والوں کی تعداد اٹھارہ ہزار ستر ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس عرصے کے دوران پاکستان بھر میں چار ہزار چار سو چودہ نئے مریضوں کا اضافہ ہوا ہے اور ملک میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد بڑھ کر، نوے ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں بعض مریضوں میں کورونا وائرس کی افریقی و برازیلی اقسام کا مشاہدہ کیا گیا ہے۔
پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر کا زور صوبہ پنجاب میں زیادہ ہے جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد تین لاکھ چار ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ جبکہ آٹھ ہزار سے زائد لوگ جان کی بازی ہار گئے ہیں۔