وزیراعظم مجھے عہدے سے اس طرح نہیں ہٹا سکتے: گورنر پنجاب
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب کو ہٹانے کی سمری صدر کو بھیج دی گئی ہے۔
پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے چار بجے گورنر پنجاب سرفراز چیمہ کی پریس کانفرنس شیڈول تھی اور اسی دوران ان کی برطرفی کی خبریں سامنے آئیں۔ سرفراز چیمہ نے اپنے وقت پر پریس کانفرنس شروع کی اس دوران ایک صحافی نے ان کی برطرفی کی خبر انہیں سنائی اور سوال کیا۔ سرفراز چیمہ نے جواب دیا کہ وزیراعظم مجھے عہدے سے اس طرح نہیں ہٹا سکتے، وہ سمری صدر مملکت کو ارسال کرسکتے ہیں، جب تک صدر مملکت چاہیں گے میں گورنر ہاؤس میں رہوں گا، مجھے ڈی نوٹیفائی کرنے کا اختیار صدرمملکت کے پاس ہے وزیراعظم کے پاس نہیں۔
انہوں نے ایک صحافی کے سوال پر کہا کہ کل پنجاب اسمبلی میں جو کچھ ہوا وہ افسوسناک اور غیر قانونی اور غیر آئینی تھا اور ن لیگ کے غنڈوں نے اراکین اسمبلی اور چوہدری پرویز الہی کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
خیال رہے کہ چودھری سرور کو گورنر پنجاب کے عہدے سے ہٹانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عمر سرفراز چیمہ کو نئے گورنر کا عہدہ سونپا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق اس سے قبل گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی حلف کی تقریب موخر کروا دی اور گورنر نے آئینی ٹیم سے مشاورت مکمل کی۔
گورنر نے آئینی سفارشات صدر مملکت کو بھیجنے کا فیصلہ کیا، صدر مملکت کی آئینی ٹیم سفارشات کا جائزہ لے گی جبکہ اس حوالے سے عمر سرفراز چیمہ نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی ، سابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے بھی مشاورت کی تھی۔