Dec ۳۰, ۲۰۱۵ ۲۰:۴۴ Asia/Tehran
  • یمن کی سرحد کے قریب بحرین کا لڑاکا طیارہ تباہ

بحرین کا لڑاکا طیارہ سعودی عرب اور یمن کی سرحد کے قریب گر کر تباہ ہو گیا ہے۔

سعودی عرب کی واس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بحرین کا یہ لڑاکاطیارہ شمالی یمن میں رہائشی علاقے پربمباری کر کے لوٹ رہا تھا کہ اسی وقت سعودی عرب کے سرحدی علاقے جیزان میں گر کر تباہ ہو گیا - ابھی اس طیارے کے ہواباز کے بارے یہ نہیں معلوم ہو سکا ہے کہ وہ زندہ ہے یا وہ بھی حادثے میں ہلاک ہو گیا - بحرینی فوج نے اس سے پہلے اعلان کیا تھاکہ منگل کو اس کے دو فوجی افسران بھی یمن کی جنگ میں مارے گئے ہیں -

یمن سے ہی یہ بھی خبر ہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں کی سعودی فوجیوں سے جنگ کے دوران جو یمن کے صوبہ الجوف کی جانب پیشقدمی کرنا چاہتے تھے، کئی سعودی فوجی ہلاک اور زخمی ہو گئے اور اس علاقے میں ان کی پیشقدمی کی کوشش کو ناکام بنادیا گیا-

اس درمیان سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے یمن کے صوبہ دمت میں رہائشی علاقوں پر بمباری کر کے متعدد عام شہریوں کو شہید اور زخمی کر دیا - سعودی عرب کے لڑاکاطیاروں نے یمن کے دارالحکومت صنعا ،تعز اور حجہ صوبوں پر بھی بمباری کی ہے۔ سعودی جنگی طیاروں نے منگل کو بھی صعدہ اور عمران صوبوں کے رہائشی علاقوں پر بمباری کر کے گیارہ عام شہریوں کو شہید کر دیا تھا۔

درایں اثنا بچوں سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف کی رپورٹ کے مطابق یمن پر سعودی جارحیت کے دوران سات سو سینتالیس بچے شہید اور ایک ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔ رپورٹ میں یمن کی جنگ کے دوران متاثر ہونے والے بچوں کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے چھبیس مارچ سے یمن پر جارحیت کا آغاز کیا تھا جس کے نتیجے میں سات ہزار سے زیادہ بے گناہ یمنی شہری شہید اور چودہ ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔ یمن پر سعودی جارحیت کا مقصد اس ملک کے مفرور سابق صدر منصور ہادی کو دوبارہ اقتدار میں لانا تھا۔تاہم اسے اپنے اس مقصد میں کامیابی حاصل نہیں ہو سکی ہے۔