جشن مولود کعبہ
مولی الموحدین امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کا جشن ولادت پوری دنیا میں انتہائی جوش و خروش اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
عراق کے مقدس شہرنجف اشرف سے ہمارے نمائندے نے خبر دی ہے کہ لاکھوں کی تعداد میں عاشقان حضرت علی علیہ السلام عراق، ایران، پاکستان، ہندوستان اور پوری دنیا سے وہاں پہنچے ہوئے ہیں اور اس وقت پورا نجف اشرف عاشقان اہل بیت اطہار علیھم السلام سے چھلک رہا ہے- اس موقع پر حضرت علی علیہ السلام کے حرم اور اس کے اطراف میں جگہ جگہ محفل میلاد کا اہتمام کیا گیا ہے اور دنیا کے گوشہ و کنار سے آئے ہوئے زائرین اپنے اپنے مخصوص انداز میں مولائے کائنات کے یوم ولادت پر آپ کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کر کے مبارکباد پیش کر رہے ہیں-
عراق کے دیگر مقدس شہروں سے بھی اطلاعات ہیں کہ جانشین رسولۖ حضرت علی علیہ السلام کے یوم ولادت کی مناسبت سے جشن و سرور کا سلسلہ جاری ہے- مولود کعبہ کے یوم ولادت کی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران میں بھی جشن و سرور کی محفلیں سجی ہوئی ہیں- اس پر مسرت مناسبت سے منگل کی رات سے ہی پورے ایران میں جشن کا سلسلہ شروع ہو چکا تھا جو اب بھی جاری ہے- ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں مساجد، امام بارگاہوں سرکاری عمارتوں کو سجایا گیا ہے لوگوں نے حتی سڑکوں اور اپنے گھروں کو بھی بڑی خوبصورتی کے ساتھ سجایا ہے- اس درمیان مومنین اور خاص طورپر بچے اور نوجوان اسٹالیں لگا کر شربت اور مٹھائیاں تقسیم کر رہے ہیں-
ایران میں جشن مولود کعبہ کی مرکزی تقریبات مشہد مقدس میں حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر میں اور قم میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم میں جاری ہیں جن میں لاکھوں کی تعداد میں پیروان حیدر کرار شریک ہیں- پاکستان اور ہندوستان میں بھی سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں وصی رسولۖ کا جشن ولادت انتہائی جوش و عقیدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے اور ہر طرف محفل میلاد کا اہتمام ہے-
حضرت علی علیہ السلام تیرہ رجب تیس عام الفیل کو خانہ کعبہ میں پیدا ہوئے- آپ کی مادر گرامی جناب فاطمہ بنت اسد اپنے شوہر حضرت ابوطالب کے گھر سے نکل کر جیسے ہی خانہ کعبہ کے پاس پہنچیں دیوار کعبہ شق ہو گئی- آپ خانہ کعبہ میں داخل ہو گئیں اور یوں حضرت علی علیہ السلام کی خانہ کعبہ میں ولادت ہوئی-
بچپن سے ہی حضرت علی علیہ السلام کی، آغوش رسالت میں پرورش ہوئی اور پھر تبلیغ دین میں آپ ہمیشہ سرکار دوعالم حضرت محمد مصطفی (ص) کے ساتھ ساتھ رہے-
مولائے کائنات فضائل و مناقب کا سمندر ہیں اور خود سرکار دو عالم کا ارشاد ہے کہ علی کی معرفت میرے اور اللہ کے سوا کسی کو نہیں ہے- یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ مولائے کائنات کی ولادت کی مناسبت سے جو ابو الائمہ ہیں تیرہ رجب کو ایران میں روز پدر منایا جاتا ہے اور بچے اس دن اپنے والد کو تحفے تحائف پیش کر کے ان کی شفقتوں اور زحمتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں-