کشیت: صحرا کے بیچوں بیچ درخت نما جنت
یہاں پر موجود نخلستان نے اس کی خوبصورتی کو چار چاند لگادیئے ہیں اور یہاں آنے والے سیاح صحرا کے بیچوں بیچ واقع قدرت کے اس حسین شاہکار کو دیکھ کر دنگ رہ جاتے ہیں۔
کشیت نامی گاوں صوبہ کرمان کے صحرائے کویر میں واقع ہے۔ اس نخلستان کی خاص بات یہ ہے کہ اگر اسے آسمان سے دیکھا جائے تو یہ ایک سرسبز درخت کی شکل کا ہے جس کی جڑیں بھی دکھائی دیتی ہیں۔
کشیت میں تاریخی قلعہ بھی موجود ہے اور اسکی قدیم عمارتیں اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ یہ علاقہ قدیم تہذیب کا حامل ہے۔ بعض ماہرین کا خیال ہے کہ یہ جگہ روئے زمین پر انسانوں کی ابتدائی سکونت کی جگہوں میں سے ایک ہے۔ یہاں پر موجود نخلستان نے اس کی خوبصورتی کو چار چاند لگادیئے ہیں اور یہاں آنے والے سیاح صحرا کے بیچوں بیچ واقع قدرت کے اس حسین شاہکار کو دیکھ کر دنگ رہ جاتے ہیں۔
اس علاقے میں کئی چھوٹی بڑی آبشاریں ہیں اور میٹحے پانی کی نہریں بھی ہیں جو ایک صحرا میں کسی خواب سے کم نہیں لگتا۔ تین کلومیٹر طویل درہ کشیت میں نخلستان اور پھلوں کے درخت ہیں اور آبشاروں کے آس پاس خودرو پودے سیاحوں کو مسحور کن کیفیت میں مبتلا کر دیتے ہیں۔ یہاں کی سب سے بڑی آبشار بارہ میٹر اونچی ہے جو ایک چھ سو میٹر مربع حوض میں گرتی ہے۔ اس حوض کی گہرائی کا ابھی تک تعین نہیں جا سکا ہے لیکن ماہرین کے مطابق یہ بہت زیادہ گہرا حوض ہے۔