Mar ۰۹, ۲۰۲۴ ۲۰:۰۹ Asia/Tehran
  • حُسنِ قرائت کے انعامی مقابلے ’’إقرا‘‘ کے لئے رجسٹریشن جاری، وقت محدود

حُسن تلاوت قرآن کا بین الاقوامی مقابلہ (برادران) ایک بار پھر اس سال بہار قرآن ماہ مبارک رمضان میں آن ایئر ہونے جا رہا ہے۔

سحر نیوز/ایران: عالم اردو بالخصوص برصغیر پاکستان و ہندوستان میں قرآنی ماحول سازی، امت اسلامیہ میں اتحاد و ہمدلی، قرآنیات کے میدان میں چھپی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ساتھ ہی نوجوانوں اور جوانوں کو قرآن کریم کی جانب راغب کرنے کے مقصد سے تین سال قبل 2021 میں اقرا بین الاقوامی قرآنی مقابلہ سحر اردو ٹی وی تہران پرشروع ہوا۔ ماہ رمضان میں منعقد ہونے والے اس مقابلے کا سلسلہ اس سال بھی جاری رہے گا۔

اس بار ماہ رمضان کی اس اسپیشل ٹرانسمیشن کی باگ ڈور علی شعبانی کے ہاتھ میں دی گئی ہے جو گزشتہ برسوں کے دوران بھی ٹی وی پر حُسن تلاوت کے مقابلوں کا اہتمام کرتے رہے ہیں۔

مقابلے میں شرکت کے لئے حسب معمول اس کا آئین نامہ جاری کرنے کے ساتھ ساتھ مقابلے میں شرکت کا طریقۂ کار بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ 

إقرا کے کوآرڈینیٹر انیس نقوی نے سبھی قاریوں سے اپیل کی ہے کہ مقابلے کے محدود وقت اور گنجائش کے پیش نظر اُس میں شرکت کے متمنی حضرات جلدی متحرک ہوں کیوں کہ پہلے رابطہ کرنے والوں اور تلاوت بھیجنے والوں کو ہی ترجیح دی جائے گی۔

اطلاعات کے مطابق اس بار إقرا کے میزبان سید باقر رضا کاظمی ہوں گے جو گزشتہ برسوں میں بھی اس مقابلے کی میزبانی کر چکے ہیں۔

اس مقابلے کی افادیت کو زیادہ سے زیادہ بڑھانے کے لئے عالم اردو کے ممتاز قرآنی اساتذہ کی خدمات لی جاتی ہیں جو تجوید، حُسن الصوت، نغمات و الحان اور وقف و ابتدا کے نقطۂ نظر سے قاریاں کرام کی پیش کردہ تلاوتوں کا جائزہ لینے کے بعد اپنی اصلاحی نکات سے بھی آگاہ کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ ’’اقرا‘‘ ماہ رمضان کی پہلی شب سے آخری شب تک آن ایئر رہے گا اور مقابلے کی اختتامی محفل میں تین ممتاز قاریان کرام کو کیش انعام سے نوازا جائے گا۔ 

پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے قاری کو ۲ ہزار یورو، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے قاری کو ۱۵۰۰ یورو جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے قاری کو ایک ہزار یورو بطور انعام پیش کئے جائیں گے۔

مقابلے میں شرکت کا طریقۂ کار جاننے کے لئے یہاں کلک کیجیئے۔

ٹیگس