عالمی ادارہ صحت نے ڈینگی، چکن گونیا اور زیکا وائرس کے پھیلاؤ سے خبردار کردیا
جنیوا: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے دنیا بھر میں ڈینگی، چکن گونیا اور زیکا وائرس کے پھیلاؤ سے خبردار کردیا۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق اس سال ڈینگی، چکن گونیا اور زیکا وائرس جیسے کیسز گزشتہ سال کے مقابلے میں دگنے ہوگئے ہیں۔
ڈبلیو ایچ او کا بتانا ہے کہ اس سال اگست تک ڈینگی اور مچھروں سے پھیلنے والے کیسز کی تعداد ایک کروڑ 23 لاکھ پہنچ گئی ہے جب کہ پچھلے سال ڈینگی اور مچھروں سے پھیلنے والی وائرل بیماریوں کی تعداد 65 لاکھ تھی۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق اس سال دنیا بھر میں 4 ارب افراد مچھر سے پھیلنے والی 3 بیماریوں سے متاثر ہوسکتے ہیں جب کہ ڈینگی، چکن گونیا اور زیکا وائرس سے نمٹنے کے لیے اسٹریٹیجک پلان شروع کردیا ہے۔
اس حوالے سے پاکستانی حکام کا بتانا ہے کہ پاکستان میں بھی اکتوبر کے مہینے میں ڈینگی اور چکن گونیا کی وبا پھوٹ پڑی ہے۔
پاکستان کے ادارہ صحت کے مطابق ڈینگی اور چکن گونیا کے بے تحاشہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں، ڈینگی اور دیگر وائرس والی بیماریاں مون سون کےبعد بہت بڑھ گئی ہیں۔