رات بھر پُرسکون نیند چاہتے ہیں؟ آج ہی یہ آسان عادت اپنائیں
نیند ہماری زندگی کا انتہائی اہم عمل ہے جو جسم اور ذہن دونوں کی صحت کے لیے بہت زیادہ ضروری ہے۔
سحرنیوز/صحت: بے خوابی ایک ایسا مسئلہ ہے جس کا سامنا دنیا بھر میں کروڑوں افراد کو ہوتا ہے جس کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں اور اکثر افراد کی نیند چند دن بعد ٹھیک ہو جاتی ہے۔
تاہم اگر بے خوابی کا سامنا مسلسل ہو تو مختلف امراض کا خطرہ بڑھتا ہے۔
اچھی بات یہ ہے کہ روزانہ کچھ دیر کی ورزش ہر رات اچھی نیند کے حصول میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
آسٹن یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ محض کچھ منٹ کی ورزش سے بھی بے خوابی کے مسئلے سے بچنے میں مدد ملتی ہے اور گہری نیند کا دورانیہ بڑھتا ہے۔
اس تحقیق میں آسٹن یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے طالبعلموں کی جسمانی سرگرمیوں اور نیند کے ڈیٹا کئی ماہ تک اسمارٹ ٹریکرز کے ذریعے اکٹھا کیا گیا۔
یہ بات تو پہلے ہی سامنے آچکی ہے کہ جسمانی سرگرمیوں سے نیند کا معیار بہتر ہوتا ہے مگر اس نئی تحقیق میں روزانہ کچھ دیر کی جسمانی سرگرمیوں سے مرتب اثرات کا تجزیہ کیا گیا۔
محققین نے دریافت کیا کہ جو افراد اکثر ورزش کرتے ہیں، ان کی نیند کا معیار اور دورانیہ بہتر ہوتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ صرف 10 منٹ تک ورزش کرنے سے ہی بے خوابی کے مسئلے سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔
ورزش کا دورانیہ جتنا زیادہ ہوگا، نیند کا معیار اور دورانیہ اتنا بہتر ہوگا جس کے نتیجے میں مختلف دائمی امراض اور ڈپریشن کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
محققین کا کہنا تھا کہ معمول کی چہل قدمی یا کام کے دوران بیٹھنے کی بجائے کچھ دیر کھڑے رہنے سے بھی نیند کو فائدہ ہوتا ہے جبکہ صبح اٹھنے پر مزاج خوشگوار ہوتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ غذائی عادات نیند کو بہتر بنانے کا قدرتی اور آسان طریقہ ہے جس کے لیے زیادہ خرچہ بھی نہیں کرنا پڑتا۔
تحقیق کے مطابق جو افراد دن بھر میں پھلوں اور سبزیوں کا زیادہ استعمال کرتے ہیں وہ رات کو زیادہ گہری نیند سوتے ہیں اور عام طور پر ان کی آنکھ کھلتی نہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ پھلوں اور سبزیوں کے زیادہ استعمال سے نیند کا معیار 16 فیصد بہتر ہو جاتا ہے جو کہ بہت نمایاں فرق ہے اور ایسا 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں ہوتا ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channe