ہندوستان اور پاکستان کے کرکٹ میچ پر شاہد آفریدی کا بیان
پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ ہندوستان کے خلاف میچ میں کامیابی کا انحصار ہمارے گیند بازوں کی کارکردگی پر ہو گا۔
بنگلہ دیش میں کھیلے جا رہے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے میچ میں پاکستان اپنا پہلا میچ ہفتے کو روایتی حریف ہندوستان کے خلاف کھیل رہا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی کے ریکارڈ کے تناظر میں ہندوستان کو پاکستان پر برتری حاصل رہی ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین اب تک کھیلے گئے چھے ٹی ٹوئنٹی میچوں میں ہندوستان نے چار میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے ایک میچ میں پاکستان کو فتح نصیب ہوئی ہے جبکہ ایک میچ ٹائی ہوا ہے۔ ڈھاکہ میں میچ سے ایک روز قبل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے امید ظاہر کی کہ ٹیم، اس بڑے میچ میں متحد ہو کر کھیلے گی اور کامیابی حاصل کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ روایتی حریف کے خلاف قومی ٹیم کی کامیابی کا دار و مدار باؤلنگ اٹیک پر ہو گا اور بہترین ہندوستانی بیٹسمینوں کو رن بنانے سے روکنے کی ذمہ داری گیند بازوں کی ہو گی۔ شاہد آفریدی نے ہندوستانی بیٹسمینوں کو خصوصا اسپنروں کے لئے خطرہ قرار دیا اور کہا کہ ہندوستانی بلے باز اسپنروں کے خلاف عمدہ بیٹنگ کرتے ہیں۔ ایشیا کپ میں ہندوستان کا یہ دوسرا میچ ہو گا۔ ہندوستان نے افتتاحی میچ میں میزبان بنگلہ دیش کو شکست دی تھی۔