ڈھاکہ: ٹی ٹوئنٹی ایشیاء کپ میں پاکستان پر ہندوستان کی فتح
https://urdu.sahartv.ir/news/sports-i213667-ڈھاکہ_ٹی_ٹوئنٹی_ایشیاء_کپ_میں_پاکستان_پر_ہندوستان_کی_فتح
ہندوستان نے ٹی ٹوئنٹی ایشیاء کپ کے ایک میچ میں پاکستان کو پانچ وکٹ سے شکست دے دی۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Feb ۲۷, ۲۰۱۶ ۱۷:۰۰ Asia/Tehran
  • ڈھاکہ: ٹی ٹوئنٹی ایشیاء کپ میں پاکستان پر ہندوستان کی فتح

ہندوستان نے ٹی ٹوئنٹی ایشیاء کپ کے ایک میچ میں پاکستان کو پانچ وکٹ سے شکست دے دی۔

ہندوستان نے پاکستان کے چوراسی رن کے ہدف کو سولہویں اوور میں پانچ وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔ ہندوستان کے کپتان دھونی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، ہندوستانی بالرز نے اپنے کپتان کے فیلڈنگ کے فیصلے کو درست ثابت کرتے ہو ئے پاکستان کی بیٹنگ لائن کو جمنے نہیں دیا۔

ایشیا کپ کے بڑے میچ میں ایک موقع پر پاکستان کے 6 وکٹ، صرف 42 رنز پر گر چکے تھے اور پاکستان اپنے کم سے کم مجموعی اسکور سے بھی دور تھا اس موقع پر سرفراز احمد کی 25 رنز کی اننگ نے اس صورت حال سے پاکستان کو نکالا۔ ہندوستان کے بالر اشیش نہرا نے پہلے ہی اوور میں پروفیسر کو پویلین کی راہ دکھائی اس وقت پاکستان کا اسکور صرف 4 رن تھا، شرجیل خان بھی آج وہ جھلک دکھانے میں ناکام رہے جو انہوں نے پاکستان سپر لیگ میں دکھائی تھی 7رنز بنا کر جسپیت بمرا کا شکار بنے۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین خرم منظور تھے۔ اس موقع پر بھی پاکستانی بیٹسمین سنبھل نہ سکے اور شعیب ملک 4 رنز بنا کر اور عمر اکمل 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 35 رنز پر 5 کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان شاہد آفریدی بھی رن آؤٹ ہو گئے اور 42 کے معمولی مجموعے پر پاکستان کے 6 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ یہاں تک کہ پوری ٹیم ایک آسان ہدف دے کر آؤٹ ہو گئی۔ ہندوستان کی جانب سے پانڈیا نے 3 اور جڈیجا نے 2 وکٹ حاصل کئے، اشیش نہرا، جسپیت بمرا، یووراج سنگھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہندوستان کی جانب سے بھی اننگ کا آغاز اچھا نہیں رہا اور جلدی جلدی تین وکٹ گرے تاہم ویراٹ کوہلی نے اچھی بلے بازی کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو جیت کے قریب پہنچا دیا۔ وہ انچاس رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پانچ وکٹ گرنے پر کپتان مہندر سنگھ دھونی آئے اور جلد ہی چار رن کا ونر شارٹ مار کر اپنی ٹیم کو میچ میں فتح دلادی۔