ہندوستان کی پاکستانی کرکٹ ٹیم کو تحفظ فراہم کرنے کی یقین دھانی
حکومت ہندوستان نے پاکستان کی کرکٹ ٹیم کوسیکورٹی فراہم کرنے کی تحریری یقین دہانی کرا دی۔
میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستان نے جمعے کے روز پاکستانی ٹیم کی سیکورٹی ضمانت دے دی ہے جس کے بعد پاکستانی ٹیم کی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کی راہ میں حائل اہم ترین رکاوٹ دور ہوگئی ہے۔
کہا جارہا ہے کہ یہ یقین دھانی ہندوستان کی ریاست مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینر جی نے ایک مراسلے کے ذریعے کروائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مردوں اور خواتین کی کرکٹ ٹیموں کو ہندوستان میں قیام کے دوران مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
ہندوستان میں پاکستان مخالف مظاہروں اور وزیر اعلیٰ ہماچل پردیش کے بیان کے بعد پاکستان کی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا تھا۔
پاکستان کو سیکورٹی کی فراہمی سے انکار کے بعد حکومت پاکستان نے کرکٹ ٹیم کی روانگی موخر کردی تھی۔ یہ میچ انیس مارچ کو ہماچل پردیش کے دھرم شالا اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا تھا۔
بعدازاں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے انیس مارچ کو پاکستان اور ہندوستان کے درمیان میچ دھرم شالا سے کولکتہ کے ایڈن گارڈنز منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا۔مقام تبدیل کیے جانے کے باوجود پاکستانی حکومت اور کرکٹ بورڈ نے ہندوستانی حکومت کی تحریری یقین دہانی تک ٹیم ہندوستان نہ بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب ہندوستان کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے بھی پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سیکورٹی فراہم کرنے کی یقین دھانی کرائی ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہندوستان آنے والی تمام ٹیموں کو سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
ادھر پاکستان کے وزیر داخلہ چوہدری ثنار علی خان اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کے درمیان آج شام ایک ملاقات ہونے والی ہے جس میں پاکستانی ٹیم کی ورلڈ ٹونٹی میں شرکت کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔