اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ آسٹریلیا نے جیت لیا
آسٹریلیا کی ٹیم نے ہندوستان کو چار صفر سے ہرا کر اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا۔
ملائیشیا کے شہر ایپو میں کھیلے گئے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں آسٹریلیا کے کھلاڑی شروع سے آخر تک ہندوستانی ٹیم پر چھائے رہے۔ ہندوستان کی ٹیم نے شروع میں آسٹریلیا کے گول پر بڑھ چڑھ کے حملے کیے لیکن گول کرنے میں ناکام رہے۔ کھیل کے پچسیویں منٹ میں جب آسٹریلیا کے کھلاڑی تھومس نے اپنی ٹیم کے لیے پہلا گول کیا تو اس کے حوصلے اور بھی بلند ہوگئے۔ ابھی ہندوستان کی ٹیم سنبھل بھی نہیں پائی تھی کہ تھومس نے ایک بار پھر میچ کے پینتسویں میں منٹ میں ایک اور گول کرکے اپنی ٹیم کو دو صفر سے برتری دلائی جس کے نتیجے میں ہندوستانی ٹیم کا مورال کافی حدتک کم ہوگیا۔ میچ کا تیسرا گول آسٹریلیا کے کھلاڑی گوہیڈیز نے تینتالیسویں منٹ میں کیا جبکہ ستاون ویں ومنٹ میں انہوں نے فیصلہ کن گول کرکے اپنی ٹیم کی فتح پر مہر ثبت کردی۔ ہندوستان کی ٹیم نے گول کرنے کی کافی کوشش کی لیکن آسٹریلیا کے دفاعی کھلاڑیوں نے ان کی اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔ ہندوستان کا کو ئی بھی کھلاڑی گول نہیں کرسکا ۔ کھیل کے مبصرین کے مطابق اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں ہندوستانی ٹیم نے مجموعی طور پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔