ایران میں تین روزہ گل غلطاں میلہ شروع ہوگیا
ایران کے شہر دامغان میں تین روزہ سالانہ گل غلطاں میلہ شروع ہوگیا ہے۔
گل غلطاں فیسٹو ل ہر سال ستائیس رجب کو شب معراج یا یوم بعثت کے موقع پر شروع ہوتا ہے اور اس کے دوران لوگ اپنے نومولود بچوں کو گلاب کی پتیوں میں لٹا کر جھلاتے ہیں جسے گل غلطان کہا جاتا ہے ۔ ایران میں گلاب کا پھو ل پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ و علیہ والیہ وسلم کے نام سے منسوب ہے اور اسے گل محمدی کہا جاتا ہے۔ مقامی لوگوں کا عقیدہ ہے کہ زندگی کی پہلی بہار کے آغاز میں گلاب یا گل محمدی کی پتیوں میں بچوں کو غلطاں کرنے سے وہ بیماریوں سے محفوظ اور آنحضور (ص) کے اخلاق حسنہ کی خوشبو سے معطر ہوجاتے ہیں۔ تین روز تک جاری رہنے والے اس میلے کو قومی اور مذہبی تہوار کے طورپر منایا جاتا ہے اور ایران بھر سے لوگ ، اپنے نومولود بچوں کے ساتھ اس میں شرکت کے لیے آتے ہیں۔ اس موقع پر علاقائی کھانوں سے مہمانوں کی تواضع بھی کی جاتی ہے۔ چارسو سال پرانے اس گل غلطان میلے کو نوروز کے بعد دوسرے قدیم ترین قومی تہوار کا درجہ بھی حاصل ہے۔