زیمبابوے کو شکست، ہندوستان نے سیریز جیت لی
ہندوستان نے زمبابوے کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین رن سے شکست دے کر سیریز جیت لی۔
اسپورٹس ڈیسک کے مطابق ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے ہندوستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ اگرچہ شروع میں ہندوستانی بیٹسمین متاثر کن کھیل پیش نہ کرسکے اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے رہے۔ ترانوے رن کے اسکور پر ہندوستان کی پانچ وکٹیں گرچکی تھیں۔ اس موقع پرکیدھار جادھو نے ٹیم کو سنبھالا اور اٹھاون رن کی شاندار اننگ کھیل کر ٹیم کا اسکور ایک سو اڑتیس تک پہنچادیا
لوکیش راہول نے بائیس، جبکہ امبتی رائیڈو اور اکشر پٹیل نے بیس ،بیس ، رن بنائے۔
زمبابوے کی جانب سے ڈونلڈ تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے۔ایک سو انتالیس رن کے ہدف کے لیے زیمبابوے نے بیٹنگ شروع کی مگر اسے شروع ہی میں چمو چبابا جیسے کھلاڑی سے محروم ہونا پڑا۔ ووسی سبانڈا اور ہملٹن مساکاڈزا نے اسکور کو بمشکل ستاون تک پہنچایا ہی تھا کہ دونوں کھلاڑی یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے۔اس کے بعد پیٹر مور اور میلکم والربھی چھبیس کا اضافہ کرکے آوٹ ہوگئے.
آخری اوور میں زمبابوے کو جیت کیلئے اکیس رن درکار تھے لیکن سرن نے شاندار باؤلنگ کراتے ہوئے اپنی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے میں تین رنز سے کامیابی دلائی اور یوں ہندوستان نے یہ سیریز دو ایک سے جیت لی۔
کیدھار جادھو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ سرن کو سیریز کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ دیا گیا۔