ترجمان وزارت خارجہ: ہم سے کوئی ملک اوپر ہوکر بات نہيں کر سکتا
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i458500-ترجمان_وزارت_خارجہ_ہم_سے_کوئی_ملک_اوپر_ہوکر_بات_نہيں_کر_سکتا
ترجمان وزارت خارجہ نے امریکی بالادستی کا موقف مسترد کردیا ہے
(last modified 2026-11-03T15:34:18+00:00 )
Nov ۰۳, ۲۰۲۶ ۱۹:۰۱ Asia/Tehran
  • ترجمان وزارت خارجہ: ہم سے کوئی ملک اوپر ہوکر بات نہيں کر سکتا

ترجمان وزارت خارجہ نے امریکی بالادستی کا موقف مسترد کردیا ہے

سحرنیو/ایران:  اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے"ایران – امریکا،تہذیبوں کا تصا دم، کل، آج اور کل" کے زیر عنوان  منعقدہ ایک نشست سے خطاب میں کہا ہے کہ ایران کسی کی بالادستی کا موقف ہرگز تسلیم نہیں کرسکتا۔    

ترجمان وزارت خارجہ نے اس نشست سے خطاب میں، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی باتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی باتوں سے معلوم ہوتا ہے کہ، ایران کے خلاف امریکی نقطۂ نگاہ،تہذیبوں کے تصادم پر استوار ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ہمارے لئے یہ جاننا ضروری ہے کہ ہم کہاں ہیں، ہمیں دفاع اور سفارت کاری، دونوں میدانوں میں اپنی پوزیشن معین کرنی ہے اور اس کا مطلب سفارت کاری کا راستہ بند کرنا نہیں ہے۔

 اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا سے ہمارا دل صاف نہیں ہوسکتا لیکن سفارت کاری ملی مفادات کے حصول کا ایک ذریعہ ہے اور اس معنی میں سفارت کاری ملی مفادات کا دفاع ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایرانیوں نے شروع سے ہی خلوص نیت کے ساتھ سفارت کاری میں قدم آگے بڑھایا ہے۔ لیکن ہم یہ تسلیم نہیں کرسکتے کہ کوئی خود کو بڑا اور ہمیں چھوٹا سمجھے اور ہم پر اپنی بالادستی قائم کرنے کی کوشش کرے۔

ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ بین الاقوامی اصول ضوابط ایرانی موقف کی حمایت کرتے ہیں یعنی ایران کے مساوی  اقتدار اعلی کی حمایت کرتے ہیں، لیکن امریکا نے دو عالمی جنگوں کے بعد ہمیشہ سبھی اصول وضوابط کو پامال کیا ہے۔     

انھوں نے ایران کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں امریکا اور صیہونی حکومت کے دعووں کو سراسر جھوٹ قرار دیا ۔

اسماعیل بقائی نے 12 روزہ جنگ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ثالث کی حیثیت سے عمان کے وزیر خارجہ کی جانب سے مذاکرات میں پیشرفت کے اعلان کے دوسرے ہی دن صیہونی حکومت اور امریکا نے ایران پر حملہ کردیا۔

انھوں نے کہا کہ یہ حملہ ثابت کرتا ہے کہ فریق مقابل سفارت کاری میں سنجیدہ نہیں ہے اور مذاکرات اور سفارت کاری کے بارے میں اس کا نظریہ بالکل مختلف ہے اور ایران کسی کا فرمان اور ڈکٹیشن قبول نہیں کرسکتا۔   

ہمیں فالو کریں:

Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok  whatsapp channel