دس روزہ "عالمی جشن کرامت" شروع
https://urdu.sahartv.ir/news/sports-i240976-دس_روزہ_عالمی_جشن_کرامت_شروع
ایران کے شہر قم المقدسہ میں دس روزہ " عالمی جشن کرامت" شروع ہو گیا۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Aug ۰۵, ۲۰۱۶ ۱۷:۰۴ Asia/Tehran
  •  دس روزہ

ایران کے شہر قم المقدسہ میں دس روزہ " عالمی جشن کرامت" شروع ہو گیا۔

  اسلامی جمہوریہ ایران کی میزبانی میں دس روز"عالمی جشن کرامت"  قم المقدسہ شہر میں شروع ہو گیا ہے۔ امام رضا(ع) عالمی فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر "جواد جعفری" نے جمعے کے روز اس عالمی جشن کی تقریبات کے آغاز کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ ایران کے اکتیس صوبوں اور دنیا کے ستتر ملکوں میں ہرسال دس روزہ جشن کرامت کی تقریبات منائی جاتی ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ذیقعدہ کے پہلے عشرے میں حضرت امام رضا علیہ السلام، آپ کی ہمشیرہ گرامی "حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا" المعروف بہ معصومہ قم اور حضرت احمد بن موسی کاظم المعروف بہ" شاہچراغ" علیہ السلام کے ایاّم ولادت باسعادت سے منسوب ہیں، اسی لئے اس عشرے کو"عشرہ کرامت" سے موسوم کیا گیا ہے۔ اس موقع پر آستانہ مقدسہ رضوی کے منتظم اعلی " حجتہ الاسلام رئیسی" نے اپنے خطاب میں انسانی تکریم کو عالم انسانیت کی گمشدہ میراث قرار دیا اور کہا کہ مکتب اہلبیت عصمت طہارت سے فا‏‏ئدہ اٹھا کر حقیقی کرامت تک پہنچا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج عالم سیاست کے کھلاڑی، جو انسانی حقوق کے احترام کا دعوی کرتے ہیں، فلسطین اور یمن میں جاری خونریزی اور غیر انسانی اقدامات کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج صورت حال یہ ہے کہ جس نے بحرین کے بنیادی آئین کو لکھا ہے وہی اس کی نفی بھی کر رہا ہے۔ امام رضا علیہ السلام کے روضے کے منتظم اعلی" حجتہ الاسلام رئیسی" نے کہا کہ  بحرین کی حکومت جس انداز میں " شیخ عیسی قاسم" کے ساتھ پیش آرہی ہے وہ مکمل طور سے غیرانسانی ہے دنیا کو چاہئے کہ ان کی شہریت کی منسوخی سے متعلق آل خلیفہ کے اقدام کا نوٹس لے۔