ایران آنے والے سیاحوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ
https://urdu.sahartv.ir/news/sports-i241534-ایران_آنے_والے_سیاحوں_کی_تعداد_میں_ریکارڈ_اضافہ
سیاحت اور ثقافتی میراث کے ادارے نے اعلان کیا ہے کہ ایران آنے والے غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں بارہ فیصد اضافہ ہوا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Aug ۰۸, ۲۰۱۶ ۱۶:۲۲ Asia/Tehran
  • ایران آنے والے سیاحوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

سیاحت اور ثقافتی میراث کے ادارے نے اعلان کیا ہے کہ ایران آنے والے غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں بارہ فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ایران کے شمالی صوبے اردبیل میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیاحت اور ثقافتی میراث کے تربیتی امور کے سربراہ "محسن رنجبر" نے کہا ہے کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں بارہ فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس عرصے کے دوران عالمی سطح پر بیرونی سیاحوں کی تعداد میں شرح نمو صرف تین فیصد ہے۔

محسن رنجبر نے صوبہ اردبیل میں سیاحت، ثقافتی ورثے اور ہاتھ کی بنی ہوئی اشیا سے متعلق نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاحت کے امور پر توجہ اور حکومت کی جانب سے اس سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات خاصے موثر واقع ہوئے ہیں اور ایران آنے والے غیرملکی سیاحوں کی روز ا‌فزوں تعداد سے بخوبی اس بات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

محسن رنجبر نے مزید کہا کہ ایران میں دس لاکھ سے زیادہ ایسے تاریخی آثار کو رجسٹرڈ کیا جاچکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹورازم کو آج دنیا میں ایک صنعت کے طور پر دیکھا جاتا ہے اور دنیا کے ترقی یافتہ ملکوں کی آمدنی کا ایک موثر ذریعہ شمار ہوتی ہے کہ جس میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ تاریخی، مذہبی اور قدرتی مناظر کے اعتبار سے ایران دنیا بھر کے سیاحوں کے لئے ایک اہم ترین سیاحتی ملک شمار ہوتا ہے۔