تبریز میں ایشیائی ملکوں کے وزرائے سیاحت کا اجلاس
ایشیائی ملکوں کے وزرائے سیاحت کا پہلا اجلاس تبریز میں ختم ہو گیا جس میں ایشیا میں سیاحت کو فروغ دینے اور اس صنعت میں باہمی تعاون کو مستحکم بنانے کی ضرورت زور دیا گیا۔
ایشین کوآپریشن ڈائیلا گ فورم کے رکن ملکوں کے وزرائے سیاحت اور ان ملکوں کے نمائندہ دفاتر کے سربراہوں نے تبریز میں ہونے والے اجلاس کے اختتام پر اپنے بیان میں ایشیا میں سیاحت کو فروغ دینے اور عوام میں سیاحت کی صنعت کو زیادہ سے زیادہ متعارف کرانے، علاقے میں امن و صلح کی تقویت نیز ممبرملکوں کی سماجی اور اقتصادی پیشرفت کے شعبے میں تعاون پر زوردیا ہے-
اجلاس کے شرکا نےایشین کوآپریشن ڈائیلاگ فورم کے رکن ملکوں میں سیاحت کی صنعت میں پائی جانےوالی مختلف توانائیوں اور صلاحیتوں کا ذکرکرتے ہوئے عالمی سیاحت کے میدان میں علاقے کے کردار کو زیادہ بہتر اور مستحکم بنانے پر تاکید کی-
ایشین کوآپریشن ڈائیلاگ فورم کے رکن ملکوں کے وزرائے سیاحت کا پہلا اجلاس ایران کی میزبانی میں تبریزمیں منعقد ہوا جبکہ اس سلسلے کا دوسرا اور تیسرا اجلاس بالترتیب کمبوڈیا اور بنگلہ دیش میں ہو گا۔