Oct ۰۹, ۲۰۱۵ ۱۲:۳۱ Asia/Tehran
  • شام میں داعش کے ٹھکانوں پر حملوں کے بارے میں امریکہ کا روس کو انتباہ
    شام میں داعش کے ٹھکانوں پر حملوں کے بارے میں امریکہ کا روس کو انتباہ

امریکی وزیر جنگ ایشٹن کارٹن نے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر حملوں کے بارے میں روس کو انتباہ دیا ہے۔

پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر جنگ ایشٹن کارٹر نے جمعرات کے روز بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں نیٹو تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے دفاع کے اجلاس میں کہا کہ روس بہت جلد شام میں دہشت گرد گروہ داعش کے ٹھکانوں پر ہوائی حملوں کی قیمت چکائے گا۔


امریکی وزیر جنگ نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ روس کو داعش کے حملے کا خوف ہے، کہا کہ آئندہ دنوں میں روس پر اس گروہ کے جوابی حملوں میں جانی نقصان بھی ہو گا۔ ایشٹن کارٹر نے یہ دعوی کرتے ہوئے کہ روس نے اپنے فوجی وعدوں پر عمل نہیں کیا ہے، شام میں امریکی جنگی طیاروں کے ساتھ روس کے جنگی طیاروں کی محاذآرائی کے بارے میں خبردار کیا ہے۔


امریکی وزیر جنگ نے کہا کہ بحیرہ خزر سے فائر کیا جانے والا روس کا ایک میزائل امریکہ کے ایک ڈرون طیارے سے صرف چند میل کے فاصلے سے گزرا ہے۔ دوسری جانب روسی وزیر دفاع سرگئی شویگو نے بدھ کے روز اعلان کیا تھا کہ بحیرہ خزر میں تعینات روس کے چار جنگی بحری جہازوں نے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر چھبیس کروز میزائل فائر کیے ہیں۔ ان میزائلوں نے دہشت گردوں کے گیارہ ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر انھیں تباہ کر دیا۔


واضح رہے کہ روس کی فضائیہ نے شامی فوج کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے گزشتہ ہفتے سے شام میں دہشت گردوں کو کچلنے کے لیے دہشت گرد گروہوں خاص طور سے داعش کے ٹھکانوں پر ہوائی حملے شروع کیے ہیں۔

ٹیگس