عراق میں امریکہ کی اسپیشل فورسز کے اہلکار داخل
-
امریکی وزیر جنگ ایشٹن کارٹر
امریکی وزیر جنگ نے عراق میں امریکہ کی اسپیشل فورسز کے اہلکاروں کے داخلے اور داعش کے خلاف جنگ کے لئے عراقی فوجیوں کے ساتھ ان کے تعاون کی خبر دی ہے۔
فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر جنگ ایشٹن کارٹر نے بدھ کے دن ریاست کینٹکی (Kentucky) میں واقع فورٹ کمپبل ایئر بیس میں تقریر کے دوران کہا کہ امریکہ کی اسپیشل فورسز کے جاسوس اہلکار عراق میں تعینات ہو گئے ہیں اور وہ داعش کے سرغنوں کا تعاقب کرنے پر مبنی آپریشن شروع کرنے کے لئے عراقی فوجیوں کے ساتھ تعاون کی تیاری کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی اسپیشل فورسز کے یہ اہلکار امریکی خصوصی فورس کے ان پچاس فوجیوں سے الگ ہیں جن کو گزشتہ برس شام میں تعینات کیا گیا تھا۔ ایشٹن کارٹر نے یہ دعوی بھی کیا کہ ان فوجیوں نے شام میں دہشت گرد گروہ داعش پر کاری ضرب لگانے کی جانب توجہ مرکوز رکھنے کے سلسلے میں مدد دی ہے۔
امریکی وزیر جنگ کے بیانات ایسی حالت میں سامنے آئے ہیں کہ جب اس ملک کی ری پبلیکن پارٹی یہ بات ثابت کرنے کے لئے کوشاں ہے کہ امریکی حکومت نے داعش کے خلاف جو پالیسی اختیار کی ہے وہ ناکافی ہے اور اس میں نقائص پائے جاتے ہیں۔