ترکی میں تعینات امریکی سفیر کی وزارت خارجہ میں طلبی
-
ترکی کی وزارت خارجہ نے امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان، جان کربی کے بیانات پر اعتراض کرتے ہوئے ترکی میں تعینات امریکہ کے سفیر کو طلب کیا۔
ترکی نے امریکی سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کر کے شام کی کردش ڈیموکریٹک یونین پارٹی کے ساتھ واشنگٹن کے تعاون پر احتجاج کیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ترکی کی وزارت خارجہ نے شام کی کردش ڈیموکریٹک یونین پارٹی (Kurdish Democratic Union Party (PYD)) سے متعلق امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان جان کربی کے بیانات پر اعتراض کرتے ہوئے ترکی میں تعینات امریکہ کے سفیر کو طلب کیا۔
ترکی کے صدر نے کوبانی میں کردش ڈیموکریٹک یونین پارٹی کے رہنماؤں کے ساتھ امریکی صدر باراک اوباما کے خصوصی نمائندے کی ملاقات پر تنقید کی تھی۔ جس کے بعد امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان جان کربی نے کہا تھا کہ امریکہ پی وائی ڈی کو پی کے کے کی ایک شاخ نہیں سمجھتا ہے اور وہ اس پارٹی کے دہشت گرد ہونے کا قائل نہیں ہے۔ جان کربی نے تاکید کی ہے کہ امریکہ داعش کے مقابلے کے سلسلے میں ایک موثر ترین تنظیم کے طور پر اس پارٹی کی حمایت جاری رکھے گا۔
ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاوش اوغلو نے جان کربی کے بیانات پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترکی کے اتحادی ممالک کو پہلے دہشت گرد تنظیموں کے سلسلے میں اپنا موقف واضح کرنا چاہئے۔