مغرب، شام کے بحران کو ہوا دے رہا ہے، روس
https://urdu.sahartv.ir/news/world-i211018-مغرب_شام_کے_بحران_کو_ہوا_دے_رہا_ہے_روس
روس نے کہا ہے کہ مغرب، شام کے بحران کو ہوا دے رہا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Feb ۱۰, ۲۰۱۶ ۱۳:۲۸ Asia/Tehran
  • مغرب، شام کے بحران کو ہوا دے رہا ہے، روس

روس نے کہا ہے کہ مغرب، شام کے بحران کو ہوا دے رہا ہے۔


روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں امریکا کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہ شام میں داعش کے ٹھکانوں پر روس کے فضائی حملوں سے بحران مزید پیچیدہ ہوا ہے، کہا ہے کہ شام میں امریکا اور مغرب ہی بحران کو ہوا دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شام میں امریکا اور مغرب کے اقدامات کی وجہ سے بڑے پیمانے پر لوگ مارے جا رہے ہیں اور دسیوں لاکھ کی تعداد میں عام شہری بے گھر ہوئے ہیں۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے شام کے بحران کی پانچ سالہ تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ آج روس پر اعتراض کر رہے ہیں وہ اس وقت کہاں تھے جب شام کا بحران شروع ہوا تھا۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے امریکا کے اس دعوے کو بھی مسترد کر دیا کہ روسی گائیڈڈ بموں سے ہونے والے حملوں میں عام شہری مارے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بارے میں امریکا کا دعوی بالکل بے بنیاد ہے۔ انہوں نے نیٹو کی سرگرمیوں کا دائرہ مشرقی یورپ تک پھیلانے کے امریکی منصوبے پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ اس سے علاقے میں عدم استحکام پیدا ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے اس منصوبے کا مقصد روس کو نشانہ بنانا ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ شام سے متعلق مذاکرات گیارہ فروری کو جرمنی کے شہر میونخ میں دوبارہ شروع ہوں گے۔ ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان مذاکرات میں شام کے کردوں کی بھی نمائندگی ہونی چاہئے۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے شام میں دہشت گردوں کے خلاف شامی فوج کی کامیابیوں پر ترکی کی تشویش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کی سرحدوں پر شامی فوج کی کامیابیوں پر انقرہ حکومت کی تشویش کی وجہ یہ ہے کہ اس سے دہشت گردوں کے ساتھ ترکی کی گندی تجارت کا راستہ بند ہو جائے گا۔