مونیخ میں روس اور ایران کے وزرا خارجہ کی ملاقات
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے مونیخ میں روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات کی ہے۔
جمعرات کو ہونے والی اس ملاقات میں دونوں رہنماوں نے تقریبا پینتالیس منٹ تک تبادلہ خیال کیا۔ محمد جواد ظریف اور لاوروف کے درمیان دونوں ملکوں کے باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔ یہ ملاقات مونیخ میں شام کے بارے میں اجلاس سے قبل انجام پائی۔
واضح رہے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے جمعرات کو مونیخ میں اپنے چینی ہم منصب وانگ یئی، شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفن ڈی میسٹورا اور عمان کے وزیر خارجہ یوسف بن علوی اور اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل ایاد بن امین مدنی سے بھی ملاقات کی۔
محمد جواد ظریف مونیخ میں شام کے تعلق سےنشست نیز مونیخ سیکورٹی اجلاس میں شرکت کرنے جرمنی گئے ہوئے ہیں۔
مونیخ میں باونویں سیکورٹی کانفرنس بارہ سے چودہ فروری تک ہوگی اور اس میں تئیس ملکوں کےسربراہ، دسیوں وزرا منجملہ ایران اور سعودی عرب کے وزرا خارجہ شرکت کریں گے۔