اقوام متحدہ کی جانب سے کاراجیچ کے خلاف فیصلے کا خیرمقدم
https://urdu.sahartv.ir/news/world-i217912-اقوام_متحدہ_کی_جانب_سے_کاراجیچ_کے_خلاف_فیصلے_کا_خیرمقدم
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر نے انٹرنیشنل کرمنل کورٹ میں بوسنیائی صربوں کے سابق رہنما رادوان کاراجیچ کو سزا سنائے جانے کا خیرمقدم کیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Mar ۲۵, ۲۰۱۶ ۰۷:۴۱ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ کی جانب سے کاراجیچ کے خلاف فیصلے کا خیرمقدم

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر نے انٹرنیشنل کرمنل کورٹ میں بوسنیائی صربوں کے سابق رہنما رادوان کاراجیچ کو سزا سنائے جانے کا خیرمقدم کیا ہے۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر زید بن رعد الحسین نے انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے منصفانہ قرار دیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس فیصلے پرعمل درآمد دوسرے لوگوں کے لئے درس عبرت ہو سکتا ہے کہ جو دنیا کے مختلف علاقوں میں عام شہریوں کا قتل عام کر رہے ہیں۔

زید بن رعد الحسین نے مزید کہا کہ رادوان کاراجیج کے خلاف انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کے فیصلے نے ظاہر کر دیا کہ کوئی بھی شخصیت چاہے وہ کتنی ہی طاقتور کیوں نہ ہو قانون سے بالاتر نہیں ہو سکتی۔

ہیگ میں انٹرنیشنل کرمنل کورٹ نے جمعرات کے روز اپنے فیصلے میں کہا کہ رادوان کاراجیچ سرایوو کے محاصرے اور نوے کی دہائی میں بوسنیا کی جنگ کے دوران دیگر شہروں اور دیہاتوں میں انسانیت کے خلاف جرائم کا ذمہ دار ہے۔ رادوان کاراجیچ کے خلاف مقدمے کی کارروائی اکتوبر دو ہزار بارہ میں شروع ہوئی تھی۔

عدالت کے وکیل نے کہا ہے کہ رادوان کاراجیچ نوے کی دہائی میں بوسنیا کے مسلمانوں کے قتل عام کا اصل ذمہ دار ہے۔

سربرنیتسا شہر میں تقریبا آٹھ ہزار مسلمانوں کا قتل عام بھی اس کے جرائم میں شامل ہے۔