دہشت گردی کے عالمی خطرہ بن جانے پر روس کی تاکید
https://urdu.sahartv.ir/news/world-i225361-دہشت_گردی_کے_عالمی_خطرہ_بن_جانے_پر_روس_کی_تاکید
روس کے صدر نے کہا ہے کہ دہشت گردی عالمی خطرے میں تبدیل ہوچکی ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
May ۰۹, ۲۰۱۶ ۱۳:۳۸ Asia/Tehran
  •  دہشت گردی کے عالمی خطرہ بن جانے پر روس کی تاکید

روس کے صدر نے کہا ہے کہ دہشت گردی عالمی خطرے میں تبدیل ہوچکی ہے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے دوسری عالمی جنگ میں نازی جرمنی پر روس کی فتح کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ تاریخ ہمیں سیکھاتی ہے کہ زمین پر امن خود بخود قائم نہیں ہوتا۔ انھوں نے کہا کہ یہ بات ہرگز قابل قبول نہیں ہے کہ جو لوگ ہمارے خلاف مجرمانہ منصوبوں پرعمل کر رہے ہیں، ان کے بارے میں دوہرے معیاروں پرعمل کیا جائے اور احتیاط نیز کوتاہ فکری پر مبنی تحمل سے کام لیا جائے ۔

روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ آج ایک بار پھر تہذیب و تمدن کو تشدد کا سامنا ہے اور دہشت گردی عالمی خطرے میں تبدیل ہو چکی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں ہر حال میں اس فتنے پر کامیابی حاصل کرنی ہے اور روس اس سلسلے میں دوسرے ملکوں کے ساتھ مل کرمہم کے لئے تیار ہے۔ روسی صدر نے کہا کہ ہم کسی بلاک بندی کے بغیر بین الاقوامی سلامتی کے نئے نظام پر کام کرنے کے لئے تیار ہیں ۔

روس کے صدرنے کہا کہ ہمارے فوجیوں اور کمانڈروں نے ثابت کردیا ہے کہ وہ دوسری جنگ عظیم کے فاتح روسی فوجیوں کے حقیقی اورلائق جانشین ہیں۔

یاد رہے کہ نو مئی کو روس میں دوسری عالمی جنگ میں فتح کا جشن منایا جاتا ہے ۔ گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی روس کے مختلف علاقوں میں پیر کو جشن فتح منایا گیا ۔ دوسری جنگ عظیم میں روس کی فتح کی مرکزی تقریب ماسکو میں ریڈ اسکوائر پر منعقد ہوئی جس میں روسی صدر، دیگر اعلی رتبہ حکام اور فوجی کمانڈروں نے شرکت کی ۔

ماسکو کے ریڈ اسکوائر پر اس تقریب میں مسلح افواج کے منتخب دستوں نے پریڈ کی اور انواع و اقسام کے دفاعی اور جنگی وسائل کی نمائش کی گئ۔ اس سال روس میں جشن فتح کی مرکزی تقریب میں گیارہ ہزار کلومیٹر تک مار کرنے والے بین البراعظمی میزائل کی بھی نمائش کی گئی جو ایک ساتھ کئی وار ہیڈ لیجا سکتا ہے ۔