چین کی جانب سے پینٹاگون کی سالانہ رپورٹ کی مذمت
https://urdu.sahartv.ir/news/world-i226360-چین_کی_جانب_سے_پینٹاگون_کی_سالانہ_رپورٹ_کی_مذمت
چین نے اپنی دفاعی سرگرمیوں کے بارے میں امریکی وزارت جنگ کی سالانہ رپورٹ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رپورٹ حقائق کو توڑ مروڑ کر تیار کی گئی ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
May ۱۵, ۲۰۱۶ ۱۵:۳۳ Asia/Tehran
  • چین کی جانب سے پینٹاگون کی سالانہ رپورٹ کی مذمت

چین نے اپنی دفاعی سرگرمیوں کے بارے میں امریکی وزارت جنگ کی سالانہ رپورٹ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رپورٹ حقائق کو توڑ مروڑ کر تیار کی گئی ہے۔

چین نے دفاعی سرگرمیوں کے بارے میں پنٹاگون کی رپورٹ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس رپورٹ سے دو طرفہ اعتماد کو بری طرح نقصان پہنچا ہے- امریکی وزارت جنگ پنٹاگون نے چین کی دفاعی سرگرمیوں کے بارے میں کانگریس کو پیش کی گئی اپنی سالانہ رپورٹ میں کہا ہے کہ بیجنگ جنوبی بحیرہ چین میں اپنی دفاعی تنصیبات اور جدید ترین فوجی آلات میں بڑے پیمانے پر اضافہ کر سکتا ہے- پنٹاگون نے اپنی رپورٹ میں چین کی دفاعی سرگرمیوں کو بھی خطرہ قرار دیا ہے۔

چینی وزارت دفاع کے ترجمان نے پنٹاگون کی اس رپورٹ پر شدید ناراضگی اور مخالفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس رپورٹ نے دو طرفہ اعتماد کو بری طرح نقصان پہنچایاہے- چینی وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا ہے کہ پنٹاگون کی یہ رپورٹ شفاف نہیں ہے اور اس میں چین کی دفاعی سرگرمیوں کو جان بوجھ کر ایک بڑا خطرہ بنا کر پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے- ان کا کہنا تھا کہ چین قومی دفاع کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس کی فوجی سرگرمیاں صرف دفاعی مقاصد کے لئے ہیں-

انہوں نے کہا کہ یہ امریکا ہے جو اپنی فوجی سرگرمیاں ہمیشہ مشکوک انداز میں انجام دیتا ہے اور وہ مشرقی ایشیا میں اپنے جنگی طیارے اور جنگی بحری بیڑے روانہ کرکے دوسروں کے سامنے اپنی فوجی طاقت کا مظاہرہ کرنا چاہتا ہے۔