امریکہ کا پاکستان سے دہشت گردوں کے خلاف مزید اقدامات کا مطالبہ
امریکہ نے پاکستان سے حقانی نیٹ ورک سمیت دیگر افغان گروہوں کے خلاف مزید اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
امریکی وزارت خارجہ کے نائب ترجمان مارک ٹونر نے اپنی پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان کو دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں سے متعلق مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے پاکستان کو حقانی نیٹ ورک اور دیگر افغان گروہوں کے لئے نرم رویے کی بابت اعلی ترین سطح پر آگاہ کیا تھا۔
اس ترجمان نے ملا اختر منصور کو افغانستان میں امریکہ کے لئے خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی ہلاکت کے بعد ہمارے فوجیوں کو درپیش ایک خطرہ ختم ہو گیا۔ امریکی وزارت خارجہ کے نائب ترجمان نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ انٹیلی جنس شیئرنگ کرتا ہے اور کئی بار آگاہ کر چکا ہے کہ دہشت گرد اس کی سرزمین کو محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔
انہوں نے ایک بار پھر امریکہ کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ پاکستان کو دہشت گردوں اور ان کی محفوظ پناہ گاہوں کے خلاف مزید اقدامات کرنا چاہئیں۔